سپیکر ورلڈ سکھ پارلیمنٹ یوکے سردار جوگا سنگھ اور انٹرنیشنل ہارمنی کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر طاہر تبسم کی ملاقات
لاہور۔23نومبر (اے پی پی):ممتاز سکھ رہنما اور ورلڈ سکھ پارلیمنٹ یوکے کے سپیکر سردار جوگا سنگھ اور تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ انسپاڈ کے صدر اور انٹرنیشنل ہارمنی کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سردار محمد طاہر تبسم نے کہا ہے کہ مذہبی ہم آہنگی اور بقائے باہمی کے بغیر قیام امن کا خواب کبھی پورا نہیں ہوسکتا، تمام مذاہب کے درمیان احترام، رواداری،برداشت اور انسانیت کا رشتہ استوار رہنا چاہئے۔
بدھ کو یہاں جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ سب کو مل کر تہذیبی تصادم کو روکنے کے لئے متحد ہو کر کام کرنا ہو گا، ورنہ عدم استحکام، نفرت، تباہی اور جنگیں دستک دے رہی ہیں۔ان کو روکنے کے لئے علماء، دانشوروں اور صائب الرائے اصحاب کو مل کر کام کرنا چاہئے ورنہ عدم توازن کا خطرہ بڑھ جائے گا، ظلم، ناانصافی اور تشدد کے خلاف صف آراء ہونے کا وقت ہے تاکہ دنیا میں امن قائم رہے۔
ڈاکٹر سردار طاہر تبسم نے کہا کہ سکھ اور کشمیری بہادر اور بے خوف قوم ہیں، انہوں نے بے پناہ قربانیاں دے کر خود کو منوایا ہے، کشمیر اور خالصتان کی آزادی ان کا خواب ہے، کشمیر اور خالصتان کی آزادی اب زیادہ دور نہیں، دونوں اقوام کو متحد ہو کر بھارتی مظالم کا مقابلہ کرنا چاہئے اور حکمت عملی سے بھارتی بربریت کو عالمی طور پر بے نقاب کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کو کشمیر اور بھارتی پنجاب میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انسپاڈ اگلے سال برطانیہ میں مذہبی ہم آہنگی و بقائے باہمی کے موضوع پر ایک روزہ کانفرنس کا انعقاد کرے گا جس میں تمام مذاہب کے سرکردہ مذہبی اور علمی رہنمائوں کو دعوت دی جائے گی۔